وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ — 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر اظہارِ تشکر

16

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 9 نومبر 2025: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کے روز حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ کا مظاہرہ کیا اور وفاق کی مضبوطی میں بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ “ہم سب نے مل کر وفاق کو مستحکم کرنے، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے کوششیں کیں۔”

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران حاصل ہونے والی تمام کامیابیاں حکومتی و اتحادی جماعتوں کے باہمی اعتماد اور تعاون کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں بہتر شناخت اسی اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ “ہماری مشترکہ کاوشوں کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر بہتر مقام حاصل ہوا ہے، جب کہ ملکی معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے۔”

انہوں نے کہا کہ سیاسی و معاشی استحکام کے باعث “اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی سمت درست ہوچکی ہے، اب ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔”

Comments are closed.