وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شدید ردعمل، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار

17

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 7 نومبر 2025ء — وفاقی وزیر و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان کو ’’افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ خیبرپختونخوا کے عوام پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی امن و استحکام کے لیے دی گئی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام شہداء کی لازوال قربانیوں اور ان کے خون کا احترام کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا بیان کسی بھی طرح عوام کے جذبات یا سوچ کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ یہ ایک فرد واحد کی انتہاپسندانہ سوچ کا عکاس ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسے بیانات دشمن کے بیانیے کو تقویت دیتے ہیں اور عوام میں انتشار و بداعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ ریاستی اداروں سے تصادم یا عوام کو اداروں کے خلاف بھڑکانا کسی محب وطن قیادت کا شیوہ نہیں۔

انہوں نے مساجد اور شہداء کے تقدس کے نام پر نفرت انگیزی پھیلانے کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا منصب ذمہ داری، سنجیدگی اور قومی یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے، نہ کہ انتشار اور اداروں سے ٹکراؤ کا۔

امیر مقام نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا موقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ امن، ترقی اور استحکام ہی خیبرپختونخوا کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ وزیراعلیٰ بطور آئینی سربراہ اپنے عہدے کی حرمت برقرار رکھتے ہوئے قومی اداروں سے تصادم نہیں بلکہ تعاون کی راہ اختیار کریں۔

Comments are closed.