وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا پناہ گاہ پجگی روڈ کا اچانک دورہ، مکینوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا تناول کیا

20

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور | 7 نومبر 2025ء

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کے روز پجگی روڈ پشاور پر واقع احساس پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں موجود افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل اور احوال دریافت کیے، جبکہ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مکینوں کو معیاری اور متوازن خوراک فراہم کی جائے۔ سہیل آفریدی نے پناہ گاہ کے رہائشیوں کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا بھی کھایا جس پر مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت صوبے بھر میں 10 پناہ گاہیں فعال طور پر عوام کو سہولت فراہم کر رہی ہیں جبکہ گیارھویں پناہ گاہ افتتاحی مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ضرورت کے مطابق نئی پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہوں کے لیے تمام درکار فنڈز فوری فراہم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ فنڈز کی کمی کو عوامی فلاحی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمران خان کا وژن ہے جس کے تحت عام آدمی کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جا رہی ہے، جبکہ نگران حکومت کے دور میں بند کیے گئے فنڈز کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔

پناہ گاہ میں موجود مکینوں نے پشاور میں مزید پناہ گاہوں کے قیام اور خواتین کے لیے علیحدہ پناہ گاہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ خواتین پناہ گاہ کے قیام سے متعلق اجلاس بلا کر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔

پناہ گاہ انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہاں روزانہ اوسطاً 100 افراد قیام کرتے ہیں جن میں مسافر، تیماردار اور مزدور شامل ہیں، جنہیں قیام و طعام کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ پجگی روڈ پناہ گاہ میں خاندانوں کے لیے بھی علیحدہ رہائش کی سہولت دستیاب ہے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے عزم ظاہر کیا کہ خیبر پختونخوا میں پناہ گاہوں کے اس عوامی فلاحی منصوبے کو مزید وسعت اور مضبوطی دی جائے گی تاکہ کوئی مالی رکاوٹ اس کے تسلسل میں حائل نہ ہو۔

Comments are closed.