اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار، 208 کلوگرام منشیات برآمد، مالیت 18 کروڑ 43 لاکھ روپے

20

🇵🇰 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 7 نومبر 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے چھ کامیاب آپریشنز کیے ہیں جن میں سات ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 208.3 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت تقریباً 18 کروڑ 43 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں ایک جامع انسداد منشیات مہم کے تحت کی گئیں جن میں تعلیمی اداروں کے اطراف، اندرون ملک اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔

جی ٹی روڈ راولپنڈی پر ہسپتال کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 600 گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

چکلالہ راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 144 گرام کینابس آئل برآمد کیا گیا، اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

کورنگی کراچی کے بروکس چورنگی کے قریب کارروائی میں 36 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، گجرات کے چناب پل کے قریب ایک گاڑی سے 19.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کوئٹہ کے ہزار گنجی ویسٹرن بائی پاس کے قریب کارروائی کے دوران 150 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے مطابق مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کے تمام عوامل کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔

Comments are closed.