ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کے ترجمان کی واحد بخش کے الزامات کی سخت تردید — بھرتیوں کو مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کے مطابق قرار

29

نصیرآباد، 3 نومبر:
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ واحد بخش ولد تاج محمد نامی امیدوار کی جانب سے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران عائد کیے گئے تمام الزامات بے بنیاد، من گھڑت اور حقیقت کے منافی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی نے تمام بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے عین مطابق کیں۔ بھرتی کے عمل میں کسی قسم کے دباؤ، سفارش یا اقربا پروری کو برداشت نہیں کیا گیا، اور تمام اقدامات وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے میرٹ کے وژن کے تحت انجام دیے گئے۔

ترجمان نے مزید انکشاف کیا کہ امیدوار واحد بخش ولد تاج محمد نے اپنی انٹرمیڈیٹ کی ڈگری میں جعلسازی کی۔ اصل تعلیمی اسناد میں ان کے 451 نمبر درج تھے، مگر جمع کرائی گئی ڈگری میں ٹیمپرنگ کے ذریعے 551 نمبر ظاہر کیے گئے۔

یہ معاملہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ذریعے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے تصدیق کیا گیا، جس میں ڈگری کی ٹیمپرنگ ثابت ہوگئی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ جعلسازی اور غلط بیانی کے مرتکب امیدواران، بشمول واحد بخش ولد تاج محمد، کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ میرٹ پر بھرتی کے عمل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.