وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے عوامی ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت
پشاور، 3 نومبر 2025 – عسکر انٹرنیشنل رپورٹ:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر روکنے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرایا جائے اور تاخیر پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت سزائیں تجویز کی جائیں تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت ہوگی اور زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے گی کیونکہ یہ منصوبے عوام کے پیسے سے بنتے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے۔
محکمہ توانائی و برقیات کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے وفاق سے متعلق معاملات کو مؤثر انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کے زیر التوا امور پر فالو اپ کریں اور صوبائی حقوق کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت سے باقاعدہ خط و کتابت شروع کریں۔
صنعتی ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے وزیر اعلیٰ نے مقامی ہائیڈرو پاور منصوبوں سے صنعتوں کو بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے لیے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مقامی پیداوار کی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
اجلاس میں محکمہ کی ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اہم نکات درج ذیل ہیں:
ملک میں مجموعی طور پر 10,625 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پیدا ہو رہی ہے، جس میں سے 6,000 میگاواٹ صرف خیبر پختونخوا میں پیدا ہو رہی ہے۔
پیڈو کے 10 منصوبوں سے سالانہ آمدن 14 ارب روپے سے زائد ہے۔
تین زیر تعمیر منصوبے (452 میگاواٹ) سالانہ 26 ارب روپے کی آمدن متوقع ہیں۔
چار منصوبوں (331 میگاواٹ) کی پروکیورمنٹ جاری ہے، جن سے 30 ارب روپے سالانہ آمدن متوقع ہے۔
رواں سال مکمل کیے گئے تین نئے منصوبے سالانہ 4 ارب روپے اضافی آمدن پیدا کریں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری انرجی و پاور اور محکمہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
Comments are closed.