بلوچستان

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں ورلڈ اسپیس ویک کے موقع پر ایک شاندار اور پرجوش پروگرام کا انعقاد کیا گیا

گوادر 10اکتوبر۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں ورلڈ اسپیس ویک کے موقع پر ایک شاندار اور پرجوش پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔  پروگرام کے مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ تھے، جنہوں نے طالبات کی سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔ طالبات نے اسپیس سائنس سے متعلق مختلف موضوعات پر مدلل تقاریر پیش کیں، جبکہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سائنسی ماڈلز اور پراجیکٹس کی دلچسپ نمائش بھی کی۔رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مختلف اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور طالبات سے ان کے پروجیکٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے طالبات کی محنت، عزم اور سائنسی رجحان کو سراہتے ہوئے کہا کہ “گوادر کی بیٹیاں باصلاحیت، ذہین اور مستقبل کی معمار ہیں، جو علم و تحقیق کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔”پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر محترمہ سبین بلوچ نے اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپیس ویک جیسے پروگرام طالبات میں سائنسی شعور اور تحقیق کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی سمجھ اور سائنسی سوچ ہی ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد ہے۔مہمانِ خصوصی نے اپنی تقریر میں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی و سائنسی پروگرام نہ صرف علم میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کے اعتماد اور وڑن کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں تعریفی اسناد اور کیش انعامات تقسیم کیے، جبکہ پرنسپل محترمہ سبین بلوچ نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری سووینیر پیش کیا۔پروگرام کے دوران طالبات کے چہروں پر خوشی اور جوش نمایاں تھا، اور ماحول سائنسی تجسس اور تعلیمی جذبے سے معمور نظر آیا۔

Related Articles

Back to top button