کوئٹہ 30 جون۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت بگ کیچ اپ اور پوسٹ کمپین کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، پولیو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور سی بی وی آفیسر نے شرکت کی۔اجلاس میں بگ کیچ اپ کمپین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ میں پہلی بار اس کمپین کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ 40 ہزار سے زائد بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے، جس کا مجموعی نتائج 65 فیصد رہے، جو کہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کامیاب مہم پر کوئٹہ کی عوام اور تمام فیلڈ ٹیمز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات نہایت ضروری ہیں۔واضح رہے کہ یہ کمپین ہر ماہ جاری رہے گی، جس میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کربچوں کو خسرہ، کالی کھانسی، دست، ٹائیفائیڈ، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ وہ صحت مند اور محفوظ مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔



