کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے فیتہ کاٹ کر گرلز کالج کوہلو کا افتتاح کیا ہے

25

کوہلو 23 جون 2025: کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے فیتہ کاٹ کر گرلز کالج کوہلو کا افتتاح کیا ہے۔ جہاں انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں، کلاس رومز ، لائبریری اور کمپیوٹر روم کا تفصیلی دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کہا کہ کوہلو جیسے پسماندہ اور دور افتادہ علاقے میں لڑکیوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ایک انقلاب سے کم نہیں۔ یہ ادارہ نہ صرف طالبات کی تعلیمی ضروریات پوری کرے گا بلکہ معاشرتی ترقی میں بھی سنگِ بنیاد ثابت ہوگا ۔ ہماری کوشش ہے کہ بچیوں کو اعلیٰ تعلیم ان کی دہلیز پر مہیا ہو تاکہ انہیں دوسرے شہروں کی طرف نہ جانا پڑے۔ حکومت بلوچستان، سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے یہ خواب حقیقت بن چکا ہے ۔ تقریب میں شریک طالبات نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ طالبات نے کہا کہ انٹر گرلز کالج کا قیام ان کے لیے ایک نئی امید لے کر آیا ہے۔ ہمیں اب تعلیم کے لیے کوہلو سے باہر جانے کی ضرورت نہیں۔ ہم شکر گزار ہیں کہ حکومت اور فورسز نے ہماری آواز سنی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں میں تعلیم کی روشنی لانے کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ ہمارے مستقبل کی سمت طے کریں گے۔ پرنسپل مظفر اظہر نے ادارے کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کالج میں جلد ہی بی ایس کلاسز کا اجراء بھی کیا جائے گا اور تدریسی عملے کی بھرتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ افتتاحی تقریب میں کالج پرنسپل مظفر اظہر، ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہٰ علی خان، قبائلی و سیاسی رہنماء وڈیرہ ربنواز ژنگ، طالبات ، اساتذہ و دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے افتتاحی تقریب کے موقع پر ملک و قوم کی ترقی، طالبات کی کامیابی اور علاقائی خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

Comments are closed.