انجینئر امیر مقام کا صوابی بار سے خطاب: حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وکلاء کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے
صوابی: انجینئر امیر مقام کا صوابی بار سے خطاب: حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وکلاء کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے آج صوابی بار ایسوسی ایشن سے خطاب کیا۔ انہوں نے وکلاء برادری، سیاسی قائدین، اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس تقریب کو باوقار بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوابی ان کا دوسرا گھر ہے اور وہ ہمیشہ عوام سے رابطے میں رہے ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔ کابینہ صدر طیب زمان، نائب صدر مزمل خان، جنرل سیکرٹری صفدر زیب، جوائنٹ سیکرٹری عدنان حیدر، فنانس سیکرٹری دولت خان، اور لائبریری سیکرٹری فدا محمد پر مشتمل ہے۔
اپنے خطاب میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں آئین، قانون اور جمہوریت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بار ایسوسی ایشنز کی صدارت کا دورانیہ کم از کم دو سال ہونا چاہیے تاکہ قیادت کو مؤثر انداز میں کام کا موقع ملے۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بروقت فیصلے کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ اب معیشت میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 20.5 فیصد ہو چکی ہے اور ڈالر 307 سے کم ہو کر 277 روپے پر آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتصادی استحکام واپس آ رہا ہے اور سرمایہ کاری کے دروازے کھلنے لگے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم دن رات ملک کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔
بین الاقوامی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پوری امت مسلمہ کو متحد ہو کر مظلوموں کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے تمام افراد کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان حملوں سے پورے مسلم اُمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے صوبائی حکومت کے رویے کو غیر سنجیدہ اور عوام دشمن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ جمہوریت کی توہین اور عوام کے مینڈیٹ کی تذلیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی بجٹ کی منظوری کو عمران خان کی منظوری سے مشروط کرنا کونسی عقل مندی ہے؟ اس سے نقصان آپ کا، ہمارا اور سب سے بڑھ کر خیبرپختونخوا کے عوام کا ہو رہا ہے۔
تقریب کے آخر میں انہوں نے صوابی بار کے لیے گرانٹ 20 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بار روم میں سولر سسٹم کی تنصیب سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے وکلاء برادری کو یقین دلایا کہ ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی حکومت کی ترجیح ہے، اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
Comments are closed.