مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں

27

کوئٹہ 19جون: مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز بیوٹمز میں یو این ویمن کی جانب سے منعقدہ ”بلوچستان جینڈر پیریٹی رپورٹ” کی تقریبِ رونمائی سے بطور مہمانِ خاص خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، سیکریٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محترمہ سائرہ عطا، بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی سابق چیئرپرسن محترمہ فوزیہ شاہین، سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین، یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبہ اور مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی نمایاں خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی یو این ویمن بلوچستان کی سربراہ محترمہ عائشہ ودود نے کی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت، باہمت اور وژنری ہیں، انہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے

انہوں نے کہا کہ جینڈر پیریٹی رپورٹ جیسے تحقیقی و تجزیاتی مطالعات، پالیسی سازی اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان رپورٹس کی مدد سے حکومت کو زمینی حقائق کے مطابق عملی اقدامات کا تعین کرنے میں رہنمائی ملتی ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی صرف انفرادی نہیں بلکہ معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے۔ بلوچستان حکومت نہ صرف تعلیم، صحت اور معیشت میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ صنفی مساوات کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات بھی متعارف کروا رہی ہے تقریب کے اختتام پر مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو تعریفی شیلڈز اور سووینئرز بھی پیش کیے۔

Comments are closed.