ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلع جعفرآباد میں اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان سے براہ راست آگاہی حاصل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

24

جعفرآباد19جون۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلع جعفرآباد میں اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان سے براہ راست آگاہی حاصل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی سہولیات اور سیکیورٹی سے متعلق اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے۔ کھلی کچہری میں ایف سی کے کرنل رضوان طیب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی پولیس آفیسرز سمیت مختلف ضلعی افسران بھی موجود تھے جنہوں نے مسائل کو بغور سنا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی، معاشرتی ہم آہنگی اور قومی اتحاد میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے ان کے مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اقلیتی برادری کی جانب سے اجاگر کیے گئے مسائل پر فوری اور ٹھوس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے حل کو یقینی بنائیں تاکہ برادری کو احساس تحفظ اور حکومتی سرپرستی حاصل ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے فلاحی اقدامات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

Comments are closed.