ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے تحصیل ماوند کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں اور طبی مراکز کا اچانک دورہ کیا

24

کوہلو 19 جون۔ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے تحصیل ماوند کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں اور طبی مراکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی و تدریسی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول ماوند، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ملا محمد، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میر میرو خان، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ماوند، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بستی سلیمان اور دیگر تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تدریسی نظام، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور اداروں کی مجموعی صورتحال پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار میں واضح کمی اور اساتذہ کی غفلت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، لہٰذا محکمہ تعلیم کے افسران، ہیڈماسٹرز اور اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں ناقص کارکردگی اور غفلت پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ نے آر ایچ سی ماوند اور بی ایچ یو فاضل چیل کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عملے کی حاضری، طبی سہولیات، دواؤں کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے ضلعی حکومت ہر سطح پر سرگرم عمل ہے۔

Comments are closed.