ضلعی محکمہ صحت کے زیر اہتمام بیگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کے حوالے سے ایک مؤثر اور معلوماتی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا

26

گوادر: ضلعی محکمہ صحت کے زیر اہتمام بیگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کے حوالے سے ایک مؤثر اور معلوماتی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا آغاز 16 جون سے ہو رہا ہے جو 28 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بچوں کو خسرہ، پولیو، تشنج سمیت دیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، جن میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی رہنما، بلدیاتی نمائندے، صحافی، طبی عملہ اور سول سوسائٹی کے سرگرم ارکان شامل تھے۔ شرکاء نے ویکسینیشن کے اہم کردار اور معاشرے میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اس مہم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو مکمل حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوائیں تاکہ ایک صحت مند نسل پروان چڑھ سکے۔نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ نے کہا کہ بیگ کیچ اپ مہم نہ صرف بچوں کی صحت کے تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب سے سول سوسائٹی کے نمائندے حاجی محمد عارف بلوچ، اور کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر شیئے صغیر نے بھی خطاب کیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔آخر میں تمام شرکاء نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیگ کیچ اپ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے اپنے دائرہ کار میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Comments are closed.