خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا جعلی مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن، 28 ہزار لیٹر سیرپ تلف، 6300 لیٹر جعلی مشروبات ضبط، کارخانہ سیل، مقدمہ درج
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا جعلی مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن، 28 ہزار لیٹر سیرپ تلف، 6300 لیٹر جعلی مشروبات ضبط، کارخانہ سیل، مقدمہ درج
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جعلی، غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات کےخلاف صوبہ بھر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز نوشہرہ اور مردان میں بڑی کارروائیاں کیں۔ دوران کارروائی 28 ہزار لیٹر جعلی سیرپ تلف، 6300 لیٹر جعلی مشروبات ضبط، جبکہ ایک کارخانہ سیل کر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی زیر نگرانی نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پبی میں جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 28,000 لیٹر سیرپ جو جعلی کولڈ ڈرنکس میں استعمال ہو رہا تھا، برآمد کرکے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

معائنے کے دوران 300 لیٹر جعلی مشروبات، جعلی برانڈز کی خالی بوتلوں سے بھری دو گاڑیاں اور فلنگ مشینری بھی برآمد کی گئیں۔ فیکٹری کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا جبکہ فیکٹری مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے تخت بھائی کے بازار میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے 6000 لیٹر سے زائد جعلی و مضر صحت کولڈ ڈرنکس برآمد کیں، جنہیں ضبط کر کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی یا غیر معیاری خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع فوری طور پر اتھارٹی کو فراہم کریں۔
اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جعلی اور مضر صحت اشیاء میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
Comments are closed.