
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے مذہبی فسادات پر عالمی برادری کو مداخلت کا کہتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ جب تک عالمی برادری مداخلت نہیں کرتی ایسے واقعات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے بھی تباہ کن ہوں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں انہوں نے بھارت میں پیش آنے والے واقعات کی تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں یہ پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جب تک عالمی برادری مداخلت نہیں کرتی ایسے واقعات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے بھی تباہ کن ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام، پولیس اور آر ایس ایس گینگز کے ذریعے ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کو اسی طرح بنیاد پرستی کی طرف لے جارہی ہے جیسے بھارتی قابض فورسز نے کشمیریوں کو بنیاد پرستی کی طرف دھکیلا۔وزیراعظم نے لکھا کہ بھارتی قابض فورسز نے مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو بنیاد پرستی کی طرف دھکیلا اور تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا۔واضح رہے کہ 28 فروری کو بھی وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مودی سرکار کے بارے میں نسل پرست اور فسطائی ہونے کی حقیقت تسلیم کرے اور اس کا راستہ روکے۔




