ٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کریں،ہائیکورٹ کا بچوں پر تشدد اور سزا کے خلاف گلوکار شہزاد رائے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بچوں پر تشدد اور سزا کے خلاف گلوکار شہزاد رائے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کریں۔ ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا جس میں کہاگیاکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کریں۔عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایجو کیشن کو حکم دیا کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں بچوں پر تشدد پر پابندی یقینی بنائیں،آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت بچوں کو حاصل حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ۔ہائی کورٹ نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن شکایات وصول کرنے کے حوالے سے میکنزم بنائیں۔ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایجو کیشن کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں جسمانی سزاوں کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کریں۔ ہائی کورٹ نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز کے لیے قائم ریگولیٹری باڈی عدالتی ہدایات کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرے،سیکرٹری انسانی حقوق یو این کنونشن کے تحت بچوں کو حاصل حقوق کے قانون پر عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔عدالت نے کہاکہ داخلہ،قانون و انصاف،تعلیم کے سیکرٹریز آئندہ سماعت تک جواب جمع کرائیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاکہ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد بھی درخواست میں جواب جمع کرائیں،رجسٹرار آفس کیس پانچ مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کرے۔