یوٹیلٹی اسٹورز پر اب کوالٹی کی شکایت نہیں، عمر لودھی
اسلام آباد (این این آئی)ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے کہاہے کہ دو تین ماہ میں ہم نے کوالٹی کنٹرول سخت کیا ہے اب کہیں پر بھی کوالٹی کی شکایت نہیں ہے، اشیائے خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، اشیائے خوردونوش کے طے شدہ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے یوٹیلٹی سٹورز میں پرائس مجسٹریٹ نگرانی کریں گے۔ ایک انٹرویو میں ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے کہا کہ 4 ہزار یوسی لیول پر یوٹیلٹی اسٹورز ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، ان کی قیمتیں پرانی ہیں اور کو ئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ عمر لودھی نے کہاکہ رمضان میں بھی ہماری کوشش ہوگی کہ موجودہ قیمتیں برقرار رہیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے لئے سبسڈی والے نرخوں پر معیاری اور مناسب اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کے یوٹیلٹی سٹورز کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے جہاں عام لوگوں کی سہولت کیلئے مطلوبہ سٹاک دستیاب ہیں۔ عمر لودھی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مختلف سٹورز کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ قیمتوں پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اشیاء کی فراہمی کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور کمپنیوں کو ایسا کرنے پر بھاری جرمانے کے ساتھ بلیک لسٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بنیادی اشیائے خوردونوش یوٹیلٹی سٹورز میں اوپن مارکیٹ سے کم قیمتوں پر دستیاب ہیں جو رمضان کے مہینے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کے متوسط طبقے کو تمام بنیادی اشیاء مقررہ قیمتوں پرفراہم کی جائیں جو ملک میں افراط زر کی شرح سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔عمر لودھی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ریلیف پیکیج کا مقصد ملک میں یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن (یو ایس سی) کے 4000 آؤٹ لیٹس کے ذریعہ رعایتی نرخوں پر بنیادی اشیاء فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے ملک میں مزید یوٹیلٹی سٹورز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر کے صارفین کو معیاری اشیاء فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی کمی نہیں ہوگی کیونکہ صورتحال میں بہتری آئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے اشیاء کی ترسیل کو مزید فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔