جمہوری طرز حکمرانی کے لئے ہر فرد کی رائے کلیدی اہمیت کی حامل ہے ،احمد نواز بلوچ
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ جمہوری طرز حکمرانی کے لئے ہر فرد کی رائے کلیدی اہمیت کی حامل ہے اس لئے عوام کا فرض ہے کہ وہ مستقبل کی بہتر فیصلہ سازی کے لئے اپنے ووٹ کا اندارج ضرور کروائیں۔ بی این پی کوئٹہ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی فہرستوں میں اندارج اور درستگی کا عمل جاری ہے اور یہ نہایت اہم مرحلہ ہے ہر حلقے اور صوبے کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ عوام نے اپنی جمہوری رائے دہی کے ذریعے کرنا ہے رجسٹریشن اور درستگی و تصحیح کے اس مرحلے پر سست روی یا عدم توجہی مستقبل کے سیاسی فیصلوں پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے لہذا عوام الناس آئندہ کی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ مقامی ڈسپلے سنٹرز میں جاکر اس بات کی تسلی کرلیں کہ انتخابی فہرستوں میں ان کا اندراج ان کے درست ایڈریس پر کیا گیا ہے کسی بھی غلطی کی صورت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مجوزہ طریقہ کار کے مطابق درستگی کے لئے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ میر احمد نواز بلوچ نے بی این پی ضلع کوئٹہ کے کارکنوں کو تاکید کی کہ اس ضمن میں ہر کارکن اپنے اپنے علاقوں میں عوام الناس کی ہر ممکن مدد و معاونت کو یقینی بنائے اور مقررہ آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر پہلی فرصت میں ہی اس اہم فریضے سے نبرد آزما ہوا جائے ۔