
اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ میں پاکستان میڈیکل کمیشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد متاثرہ فریق سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔پیر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔دور ان سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ میڈیکل کمیشن تو نجی میڈیکل کالجز کو فائدہ پہنچانے کیلئے بنایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز سے متعلق جو کاروائی کی اس کو ختم کر دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ڈیڑھ سال قبل سپریم کورٹ کے زیر انتظام ایک جامع مشق کی کئی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد میڈیکل تعلیم کا معیار بہتر کرنا،میرٹ کو بحال کرنا اور نجی کالجز کے بے حساب منافع کو ختم کرنا تھا۔ وکیل پی ایم سی نے کہاکہ پہلے صرف پی ایم ڈی سی ہی بااختیار ادارہ تھا۔ وکیل نے کہاکہ اب پی ایم سی کے زیر انتظام چار ذیلی ادارے قائم ہیں جس سے پی ایم ڈی سی کے اختیارات تقسیم ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیوں نا اس کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کر دیں، وکیل درخواستگزار نے کہاکہ ہائیکورٹ میں کیس چل رہا ہے فیصلہ بھی محفوظ ہو چکا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ٹھیک ہے اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے فیصلہ کر لے۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد متاثرہ فریق سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔عدالت نے سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے پہلے فیصلہ سنانے سے روک دیا اور کیس نمٹا دیا




