پشاور، سکھ نوجوان کا 7 لاکھ روپے میں قتل ،قاتل مقتول کی منگیتر نکلی

0 38

پشاور(این این آئی) پولیس نے سکھ نوجوان رویندر سنگھ کے قتل کا معمہ حل کر دیاجس میں نوجوان کی قاتل اس کی منگیتر ہی نکلی۔پولیس ذرائع کے مطابق رویندر کو مروانے والی ان کی منگیتر پریم کماری ہے، مقتول کی ملزمہ سے عنقریب شادی ہونے والی تھی لیکن وہ شادی سے ناخوش تھی اور رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمہ نے 3 اجرتی قاتلوں کو ادائیگی کے لیے 7 لاکھ روپے دیے اور ملزمہ پریم کماری نے مقتول رویندر کو مردان بلایا تھا، ملزمہ نے مقتول کو اپنی سہیلی کے بہانے بلوا کر اغوا کروایا، اجرتی قاتل اغوا کے بعد مقتول کو قریبی کالونی مردان لے گئے جب کہ رویندر کی لاش پشاور لانے کا مقصد سراغ لگنے کا خوف تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مردان سے مقتول کی منگیتر سمیت 4 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد کیس کے تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں جب کہ پولیس نے آلہ قتل اور استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمدکرلی۔پولیس نے ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا جہاں عدالت نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل پشاور میں چمکنی کے علاقے سے پولیس کو مقتول رویندر سنگھ کی لاش ملی تھی جس کے بعد بھارت نے پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ پر پراپیگنڈا کیا تھا اور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی تھی تاہم پاکستان نے بھارت کے اس پراپیگنڈے کو مسترد کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.