سعودی عرب نے عراقی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ایران کی مذمت کردی
ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے عراق کی علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ایران کی مذمت کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ خارجہ نے عراق میں ایران کے میزائل حملوں کے بعد ایک مرتبہ پھر ضبط وتحمل کی ضرورت پر زوردیا ہے۔وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت سعودی عرب کے فریم ورک کے تحت عراق میں رونما ہونے والے واقعات کے بعد بیانات جاری کیے گئے تھے۔سعودی عرب نے عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والی بین الاقوامی اتحادی فورسز کے دو فوجی اڈوں پر حملوں اور عراق کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر ایران کی مذمت کی تھی۔سعودی عرب اپنے اس مؤقف کا اعادہ کرتا ہے کہ تمام فریق ضبط وتحمل کا مظاہرہ کریں، انتہائی محتاط روی کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کو ہوا نہ دیں اور برادر ملک عراق اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھیں۔