
نصیرآباد (این این آئی ) ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد شہاب عظیم لہڑی کی جانب سے ریٹائرڈ پولیس آفسیران ڈی ایس پی نصیب اللہ خان کھوسو ڈی ایس پی احسان علی ڈومکی،ڈی ایس پی علی اکبر مگسی اور انسپکٹر فیض محمد کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں کمشنر نصیر آباد جاوید اخترمحمود، ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر علی بلوچ،ایس ایس پی جعفرآباد سید علی آصف شاہ،ایس پی کچھی ارشاد علی گولہ،ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی سید تنویر شاہ،ایس پی ہائی وے پولیس عبدالعزیز سرپرہ، اے ڈی آئی جی نصیر آباد امیر جان مگسی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ملک عبدالغفار سیلاچی،اے ایس پی ڈیرہ مراد جمالی فہد خان کھوسو، آفس سپرنٹنڈنٹ رینج آفس حاجی صلاح الدین بہرانی، آفس سپرنٹنڈنٹ نصیر آباد خادم حسین بہرانی، انسپکٹر داؤد خان کھوسوہ سیکورٹی انچارج نذیر حسین سامت،پی آر او ممتاز پندرانی و دیگر آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد شہاب عظیم لہڑی اور کمشنر نصیر آباد جاوید اختر محمود نے آفیسران کو خراج تحسین پیش کرتے ڈکہا کہ ریٹائرڈ ائرڈ آفیسران نے اپنی عمر کا ایک بڑا احسان ہمارے پاس چھوڑ کر واپس ہو لیئے۔ انہوں نے ہماری فورس پر عمر لٹانے کا جو احسان کیا ہے بلاشک وہ قابلِ قدر ہے اور محکمہ پولیس اُن کا ممنون ہے۔ آج ان کے بالوں میں چاندی چمک رہی ہے لیکن یہ خوش ہیں محض اس جزبے کے ساتھ کہ انہوں نے اپنی زندگی رائیگاں نہیں بتائی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بقاء کو زوال ہے۔ جوانی بھی بڑھاپے کی سرحد ماپتی ہے۔بچپن، لڑکپن یہ سب اگلے لمحوں کی طرف گامزن رہتے ہیں۔آفرین ہے ایسی جوانی پر جو اپنا آج ہمارے کل پر قربان کرتی ہے۔ہم نے بھی ایک روز ریٹائر ہونا ہے کیونکہ وقت چل رہا ہے ہم سب اپنی اپنی منزل کی جانب ایک دوسرے کے پیچھے قطاردر قطار چل رہے ہیں لیکن یاد رکھو مستحسن ہے وہ وقت جو دوسروں کیلئے گزارا جائے۔ اگرچہ آج ہمارے یہ بھائی فورس کا حصہ نہیں رہے لیکن کیا یہ کم ہے کہ یہ افراد ایک ایسی فورس کے چمکتے ہوئے ستارے رہے ہیں جن کی روشنی سے کئی مظلوموں نے قرار کی راہ دیکھی۔ کئی بیواؤں کو ان کا حق دلوانے میں مدد گار ثابت ہوئے اور کئی فرعونوں کو دریائے نیل میں غرق کیا۔پولیس حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی تربیت دی گئی فورس ہے جس کے ذمے مظلوموں کی دادرسی ہے۔چناچہ پولیس کااولین مقصد ہی مظلوموں کی مدد کرنا ہے۔آج ہم محسوس کرتے ہیں کہ جانے والوں کے لیے ہمارا دل افسردہ ہے لیکن ساتھ ساتھ اس بات کی خوشی بھی ہے کہ انہوں نے ہمیں جو راستہ دیا ہے آخر کب تک وہ ہمارا ساتھ دیتے ہم نے خود بھی ان کے راستے پر چلنا ہے کیونکہ اس زمین کا ہم پے اور ہمارے آنے والے بچوں پر بھی حق ہے۔ ہم ان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے لئے راستے کی نشاندہی کی ہم عہد کرتے ہیں کہ ان کے قدموں کی دھمک سے اڑنے والی خاک ہمارے راستے کو روشن رکھے گی اور ہم ان کا سر کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔ تقریب میں ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد شہاب عظیم لہڑی، کمشنر نصیر آباد جاوید اختر محمود،ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر علی بلوچ اور ایس ایس پی جعفرآباد سید علی آصف نے ریٹائرہونے والے آفیسران کو روایتی ٹوپی کا تحفہ دیا اور اعزازی سند بھی پیش کی۔



