
کوئٹہ( این این آئی)ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان فرمان الل? خان کی زیر صدارت سال 2020 کا پہلا اجلاس نیب آفس میں ہوا جس میں نیب بلوچستان کے تمام ونگز سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف محکموں، انفرادی اور اجتماعی سطح کی کرپشن کے کیسز کی رفتار اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی نیب نے اس موقع پر متعدد کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے متعلقہ ونگز افسران کو میرٹ پر کیسز کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ڈی جی نیب نے افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ کرپٹ عناصر سے عوام کی لوٹی گئی رقم کی فوری واپسی کو یقینی بنانے کے لئے بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب کے عمل کو قانون کے مطابق پورا کیا جائے۔ انہوں نے کرپشن کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال 2020 میں بھی ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں، تفتیشی افسران بلاخوف و خطر اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں، انہوں نے واضح کیا کہ چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی احتساب سب کے لئے کی پالیسی تمام افسران کے لئے مشعل راہ ہو، کرپشن اور بدعنوانی کے تدارک کیلئے عدم برداشت فلسفہ دور رس نتائج کا حامل ہو گا۔




