بھارت میں ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے چوراہوں پر مجسمے تعینات
بنگلور(این این آئی)بھارت کی جنوبی ریاست بنگلور میں حکام نے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی حربہ اپناتے ہوئے پولیس میں ڈمیز (انسانی مجسموں) کو بھرتی کرلیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ان مجسموں کو ٹریفک پولیس افسران کی وردیاں پہنائی گئی ہیں جس میں ہیٹ، سفید شرٹ اور روشنی منعکس کرنے والی کوٹی شامل ہے جس پر پولیس کا نشان بھی بنا ہوا ہے، ان مجسموں کو بڑے چوراہوں پر اس امید سے رکھا گیا ہے کہ یہ ڈرائیورز کو قوانین پر عمل کرنے پر مائل کریں گے۔حتیٰ کے کچھ مجسموں کو دھوپ کے چشمے اور چہرے کے ماسک بھی پہنائے گئے ہیں۔بے ہنگم ٹریفک کے حوالے سے مشہور بھارت کے ٹیکنالوجی حب کی مصروف شاہراہوں پر تقریباً 80 لاکھ کاریں دوڑتی ہیں اور پولیس کا کہنا تھا کہ ان کے پاس گوشت پوست کے اتنے افسران موجود نہیں کہ ہر شاہراہ پر انہیں کھڑا کیا جائے۔بنگلور پولیس کمشنر بھاسکر راؤ کا کہنا تھا کہ شہر میں 44 ہزار چوراہے موجود ہیں جس میں صرف 450 چوراہوں پر ٹریفک لائٹس نصب ہیں باقیوں کی یا تو مینوئل طریقے سے نگرانی کی جاتی ہے یا بالکل دیکھا نہیں جاتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افسران پولیس کی جگہ مجسمے رکھ کر چھپن چھپائی کا حربہ استعمال کرتے ہیں تا کہ ڈرائیور درست انداز میں ڈرائیو کریں۔



