عراق، فضائی حملوں کے بعد مظاہرین کی امریکی سفارتخانے میں داخل ہونے کی کوشش
بغداد(این این آئی)عراق کے دارالحکومت بغداد میں فضائی حملے میں دو درجن سے زائد جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارت خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوجی لباس میں ملبوس مرد اور کچھ خواتین نے چیک پوائنٹس کی جانب مارچ کیا جو بغداد کے سخت سیکیورٹی کے گرین زون تک رسائی کو محدود کرتے ہیں۔مظاہرین نے مسلح گروہوں کے نیٹ ورک ہشاد الشیبی کی حمایت میں پرچم لہرائے جو بڑے پیمانے پر سیکیورٹی فورسز میں شامل ہوچکا ہے۔29 دسمبر کو عراق کے مغربی حصے میں واقع فوجی اڈے پر امریکی فضائی حملوں میں کتائب حزب اللہ کے 25 جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔مذکورہ فضائی حملے عراقی فوجی اڈوں پر راکٹوں کے حملے کے جواب میں کیے گئے تھے، عراق کے فوجی اڈوں پر امریکی فورسز تعینات ہیں۔ان فضائی حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تھی لیکن امریکا نے کتائب حزب اللہ پر الزام عائد کیا تھا۔ عراقی مظاہرین امریکی سفارت خانے کی دیواروں کے پاس پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے امریکا مخالف نعرے بازی کی پرچم بھی نذرِآتش کیے۔مظاہرین نے سفارت خانہ بند کرنے کے مطالبے اور پارلیمنٹ سے امریکی فورسز کو ملک چھوڑنے کا حکم دینے پر مبنی پوسٹرز تھامے ہوئے تھے۔




