عراق میں دہشت گرد حملوں پر سعودی عرب کی جانب سے مذمت

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مملکت نے انتہائی تشویش کے ساتھ برادر ملک عراق میں دہشت گرد حملوں کو جائزہ لیا۔ان حملوں کا مقصد عراق کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا ہے۔ اس سلسلے میں تازہ ترین کارروائی ایرانی نظام کی حمایت یافتہ ایک دہشت گرد تنظیم کی جانب سے عراق میں امریکی افواج کے خلاف حملہ تھا۔ یہ امریکی افواج عراقی حکومت کی دعوت پر دہشت گرد تنظیم داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہے۔ مذکورہ حملے کے نتیجے میں عراقی سیکورٹی فورسز کا جانی نقصان ہوا۔ اس حوالے سے 27 دسمبر 2019 کو کرکوک کے نزدیک عراقی فوجی اڈے کو 30 سے زیادہ کیٹوشیا راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران ایک امریکی شہری ہلاک ہو گیا جب کہ عراقی فورسز کے 2 اور امریکی فورسز کے 4 اہل کار زخمی وہئے۔ اس کے نتیجے میں حملہ کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف دفاعی اقدامات کیے گئے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ مملکت سعودی عرب ان دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتی ہے تا کہ اس بات کو باور کرایا جا سکے کہ دہشت گرد ملیشیاؤں کے ان حملوں سے عراق کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی اور اس کے امن و استحکام کو ضرر پہنچا۔ یہ حملے انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ لہذا اس سلسلے میں مناسب اقدامات کی ضرورت ہے تا کہ ایرانی نظام کی حمایت یافتہ معاندانہ کارروائیوں کے بار بار واقع ہونے کو روکا جا سکے۔




