نومنتخب کابینہ صوبے کے حقیقی مسائل کو ہر فارم پر اجاگر کریگی، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ( این این آئی)ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں ایوب ترین صدر، رشید بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر کابینہ اور دیگر ممبران سمیت مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب کابینہ صوبے کے حقیقی مسائل کو ہر فارم پر اجاگر کریگی۔ بی یوجے کے انتخابات کا انعقاد باعث مسرت ہے جس میں صحافی برادری نے خوشگوار ماحول میں خوش اسلوبی سے انتخابی عمل مکمل کیا جس کا کریڈٹ تمام صحافیوں کو جا تاہے انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ نو منتخب صدر اور اس کی کا بینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور صوبائی حکومت اس ضمن میں ان سے مکمل تعاون کریگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شروع دن سے بلوچستان کے صحافیوں کے مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، صدیق بلوچ جرنلسٹس اکیڈمی کا قیام، جرنلسٹس ویلفئیر فنڈ میں اضافہ اورجرنلسٹس رہائشی کالونی کے لیے اراضی کی فراہمی جیسے اقدامات حکومت کے ویژن کو عیاں کرتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کے نا مسائد حالات کے باوجود یہاں کے صحافیوں نے جس انداز اور حالات میں اپنے فرائض سر انجام دیئے وہ قابل تعریف ہیں اور اس جوش اور لگن کے ساتھ آئندہ بھی صوبے کے حالات سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات خوشگوار اور مثالی ہیں اور صوبائی حکومت میڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ان انتخابات کی تکمیل کے بعد صوبے میں مثبت اور معیاری صحافت مزید مستحکم ہو گی اور صوبے کی حقیقی مسائل کے حل کے لیے صحافی برادری ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔