ہائیکورٹ نے کروناوائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے کروناوائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار میاں محمد فیصل کی جانب سے ایڈووکیٹ جہانگیر جدون عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔ وکیل جہانگیرخان جدون نے کہاکہ کرونا وائرس انسانی مسئلہ بن چکا دنیا بھر کے ممالک میں یہ وائرس پھیل رہا ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ آپ کے بنیادی انسانی حقوق کیسے متاثر ہو رہے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کو جو معلومات چاہئیں وہ معلومات تک رسائی کے قانون کے ذریعے لے سکتے ہیں۔جہانگیر جدون نے کہاکہ بیس ہزار کے قریب چائینیر اسلام آباد میں رہ رہے ہیں ان کی سکریننگ کا کیا گیا؟ کچھ پتہ نہیں۔