میرپور ماتھیلو ( نمائندہ ) محرم الحرام کے دوران ضلع گھوٹکی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ، مجالس و جلوس مقررہ وقت اور روٹس پر منعقد کرنے کی ہدایات ، ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرانے کا عزم، عوام سے رواداری کو فروغ دینے کی اپیل، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی.
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی کی زیر صدارت ان کے دفتر واقع میرپور ماتھیلو میں محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع ﷲ سومرو ، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو ڈاکٹر رانا حسیب اور اسسٹنٹ کمشنرز ڈہرکی ،اوباوڑو ، گھوٹکی اور خانگڑھ ، پاک آرمی و رینجرز کے افسران، ڈی ایس پیز، مختیار کارز، ڈی ایچ او، محکمہ بلدیات ، سیپکو اور متعلقہ افسران سمیت مختلف مکتبہ فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوان امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظام کیے جائیں گے اس سلسلے میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی،
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد مختلف مکتبہ فکر کے علماء کے مسائل معلوم کرکے حل کرنا ہے تا کہ عاشورہ محرم کے دوران ضلع میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے ، دینِ اسلام محبت، امن، صبر و رواداری کا درس دیتا ہے اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے دائرے میں رہ کر مذہبی ذمہ داریاں و رسومات ادا کریں تا کہ کسی کی بھی دل آزاری نہ ہو اور ایام عاشورہ بھی خوش اصلوبی سے گذر جائیں. انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے دوران ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر استعمال نہیں کیا جاسکتا جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اس لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔ انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے علماء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے دوران افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے پی ٹی سی ایل اور سیپکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کیبلز کی مرمت کرائیں خاص طور پر جلوسوں والے روٹس پر توجہ دی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے گریز کیا جائے. انہوں نے تمام چیف میونسپل افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ لائیٹ، واٹر سپلائی، ڈرینیج اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کھلے مین ہولز کو فوری طور پر بند کریں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے ڈی ایچ او کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈک اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے. اس موقع ڈی ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع ﷲ سومرو نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کی نسبت ضلع گھوٹکی کی تاریخ رہی ہے کہ یہاں پر کبھی بھی فرقہ وارانہ تصادم نہیں ہوا، اس لئے تمام علماء کرام کو چاہیے کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر سوشل میڈیا کہ ذریعے فساد پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں ایسی صورتحال میں انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے. انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 600 کے قریب مجالس برپا ہوں گی جبکہ تقریبن 80 جلوس برآمد ہوں گے اس سلسلے میں 3 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار حفاظتی انتظام سنبھالیں گے. اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ،
تنویر احمد سومرو نمائندہ میرپور ماتھیلو




