وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین کی کوششوں کی تعریف

0 29

اسلام آباد(این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور قیادت کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے عوام اور قیادت کے ساتھ ہے اور اس ضمن میں ان کی جرات مندانہ کوششوں اور اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوںنے کہاکہ چینی حکام نے کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے مثالی کوشش کی ہیں۔ چین کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے اور اس کے تدارک کیلئے جس بڑے پیمانے پر ٹھوس اور موثراقدامات اٹھائے گئے ہیں، اس نوعیت کے چیلنج سے نمٹنے میں ان کی مثال نہیں ملتی۔عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر چین کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا اور اس وبا سے نبردآزما ہونے کے لیے چین کی سنجیدگی کو سراہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی چین کی کوششوں پر اسے خراج تحسین پیش کیا ہے۔کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں چینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم چینی حکومت کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے چین میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی۔ کوئی شک نہیں کہ برادر چینی عوام اپنی روایتی جرات اور بہادری سے اس چیلنج میں کامیاب اور سرخرو ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.