وزیر خارجہ کی کینیا کے کیبنٹ سیکرٹری سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقا ت پر تبادلہ خیا ل
نیروبی (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیروبی میں، کینیا کے کیبنٹ سیکرٹری ،وزیر برائے مشرقی افریقہ کمیونٹی عدن محمد سے ملاقات کی جس میں دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بدھ کو کینیا کے کیبنٹ سیکرٹری برائے مشرقی افریقہ کمیونٹی نے وزیر خارجہ کو کینیا آمد پر خوش آمدید کہا ،وزیر خارجہ نے مشرقی افریقی خطے میں موجود ، اقتصادی بلاکس میں کینیا کی متحرک اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کیلئے اہم اقدام قرار دیا ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے اقتصادی مراسم کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ، مشرقی افریقی کمیونٹی(EAC) میں بطور مذاکراتی شراکت دار، شمولیت کا خواہاں ہے ۔کیبنٹ سیکرٹری برائے مشرقی افریقہ کمیونٹی عدن محمد نے،اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کی طرف سے افریقی خطے کو مرکز_توجہ بنانے اور ٹریڈ کانفرنس کے انعقاد کیلئے کینیا کو منتخب کرنے کے عمل کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کیبنٹ سیکرٹری عدن محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔