ہندوستان، اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،وزیر خارجہ
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہندوستان، اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،ہماری مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے ۔ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابقہ خارجہ سیکرٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے ، بھارت نے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کر کے ،دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے اصل حقائق تک رسائی سے محروم رکھا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مودی سرکار کی مسلم کش،اور ہندوتوا سوچ نے پورے ہندوستان کو تقسیم کر دیا ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سیکولر ہندوستان کے حامی گلی گلی ،نگر نگر ترمیمی شہریت کے امتیازی قانون اور این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 5 اگست کو جو آگ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لگائی تھی وہ اب پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان، اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان ،مقبوصہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے،اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ دوران اجلاس اہم خارجہ پالیسی امور پر،اس مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔