ایل اوسی پر بھارتی فوج کی پھربلا اشتعال فائرنگ‘ پاک فوج کے 2جوان شہید، جوابی کارروائی میں 3بھارتی فوجی مارے گئے ، کئی زخمی، چیک پوسٹ تباہ
راولپنڈی (این این آئی)لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ، پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجیوں مارے گئے، کئی زخمی ہوئے ۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں بتایا کہ گذشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں کیں۔ترجمان کے مطابق حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا ،اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے او ر چوکی تباہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔نائب صوبیدار کانڈیرو کا تعلق سکھر کی تحصیل پنوں عاقل اور محمد احسن کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے ہے۔واضح رہے کہ19 دسمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔21 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے سخت بیان جاری کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی ‘جعلی آپریشن’ کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کے پاس منہ توڑ جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔