بھارت ریاستی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث ہے: صائمہ سلیم
جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے کہا کہ پاکستان بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کرچکا ہے، بھارت ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سمیت دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت کرتا ہے۔
صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ پاکستان نے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کیے ہیں، کلبھوشن یادیو اور نکھل گپتا کے مقدمات بھارت کے خلاف واضح ثبوت ہیں، بھارت دہشت گردی اور بیرون ملک کارروائیوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر نہ ماضی میں بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ کبھی ہوگا، مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بنیادی حقوق اور حق خودارادیت سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریے کو ریاستی پالیسی کا حصہ بنایا جا رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویے میں اضافہ ہو رہا ہے۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کی، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان امن، باہمی احترام، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنا دفاع کرے گا، پاکستان جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتا، پائیدار طاقت جنگوں میں نہیں بلکہ امن قائم کرنے اور اس کے دفاع کی صلاحیت میں ہے۔
