کنگنا رناوت سے کبھی نہیں ملی نہ اب ملوں گی، تاپسی پنوں
تاپسی پنوں اور کنگنا رناوت کے درمیان 2019 اور 2020 میں عوامی سطح پر لفظی جنگ دیکھنے میں آئی تھی۔ حال ہی میں تاپسی نے کنگنا کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ کبھی بھی اس اداکارہ سے نہیں ملیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کنگنا کے ساتھ اپنے تنازع پر بات کرتے ہوئے تاپسی نے کہا کہ جس طرح وہ ایک دوسرے کے بارے میں بات کرتے ہیں، وہ ان کی تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان سے نہیں ملی۔ ان نام نہاد مسائل کے شروع ہونے سے پہلے بھی میں ان سے نہیں ملی تھی اور اب بھی نہیں ملی ہوں۔ ان کے بارے میں میری رائے میری تربیت، بات چیت کے انداز اور چیزوں کو سمجھنے کے میرے طریقے کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ ان کا طریقہ ان کا اپنا ہے، وہ اپنے موقف پر قائم ہیں، لہٰذا مجھے لگتا ہے کہ ہر کسی کے لیے یہ دیکھ کر فیصلہ کرنا کافی ہے کہ کون کس پس منظر یا تربیت سے تعلق رکھتا ہے۔
تاپسی نے سیاست میں قدم رکھنے کے امکان پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کام کے لیے بہت زیادہ ایماندار اور حساس ہوں۔ اس کے علاوہ میں ابھی کچھ اور فلمیں کرنا چاہتی ہوں۔ میں سیاست میں شامل ہونے کے بارے میں بالکل بھی نہیں سوچ رہی اور نہ ہی میرے اندر اس کا ڈی این اے ہے۔
تاپسی اور کنگنا کا تنازع 2019 میں شروع ہوا تھا اور اس میں اس وقت مزید شدت آئی جب کنگنا کی بہن رنگولی چندیل نے سوشل میڈیا پر تاپسی کو کنگنا کی “سستی کاپی” کہا۔
2020 میں یہ تنازعہ اس وقت اور بڑھ گیا جب بالی ووڈ میں اقربا پروری اور انڈسٹری کی سیاست پر بحث کے دوران کنگنا نے تاپسی اور دیگر اداکاروں کو “بی گریڈ اداکارائیں” اور “ضرورت مند آؤٹ سائیڈرز” قرار دیا۔
تاہم، تاپسی کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ ان اختلافات کے باوجود، وہ اداکارہ کے ساتھ دوستی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تاپسی کو آخری بار دیو اشیش مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن تھرلر فلم گاندھاری میں دیکھا گیا تھا۔ یہ فلم ایک ماں کی اپنی اغوا شدہ بیٹی کی تلاش اور اسے بچانے کی ان تھک جدوجہد پر مبنی ہے، جس میں اس کے دردناک سفر کے دوران انتقام اور نجات کے موضوعات کو دکھایا گیا ہے۔
