بلوچستان میں انسداد ہیپاٹائٹس سی مہم، ڈھائی لاکھ افراد کی اسکریننگ مکمل
بلوچستان میں وزیراعظم پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس سی مہم جاری ہے۔ ضلع جعفر آباد، صحبت پور اور ڈیرہ بگٹی میں 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد کی اسکریننگ مکمل کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق جعفر آباد، صحبت پور اور ڈیرہ بگٹی میں 7773 افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی۔
انھوں نے بتایا کہ ضلع نصیر آباد، اوستہ محمد اور جھل مگسی میں اسکریننگ جاری ہے جہاں 3 لاکھ 40 ہزار افراد کی اسکریننگ کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی ہیپاٹائٹس حکام کے مطابق انسداد ہیپاٹائٹس مہم کے تحت بلوچستان کے 19 اضلاع کو کور کیا جائے گا۔ ان اضلاع میں کچھی، سبی، ژوب، کوہلو، ہرنائی، دکی اور موسیٰ خیل شامل ہیں۔
حکام کے مطابق لورالائی، قلات، خضدار، سوراب، مستونگ اور حب/لسبیلہ بھی ان اضلاع میں شامل ہیں۔
