
ڈیووس (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو ناچاہیے ، عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں ،بہت جلد پاکستان کا دورہ کرونگا ۔یہ بات وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ڈیووس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہی ۔انہوںنے کہاکہ ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ صدرٹرمپ کے ساتھ ملاقات مفید ملاقات رہی، میں بھی ملاقات میں موجودتھا،ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اہم ایشوز اٹھائے ،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا ایشواٹھایا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا،وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزی میں بہتری کا کہا،وزیراعظم عمران خان نے تجارت کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوںنے کہاکہ ملاقات میں فیصلہ ہو ا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال کا خاکہ صدرٹرمپ کے سامنے رکھا،صدرٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔صدر ٹرمپ نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ صدرٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ صدر ٹرمپ نے کہا میں عمران خان کو پسندکرتا ہوں،صدر ٹرمپ نے کہا میں عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ صدرٹرمپ کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا،صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں امن عمل کو بھی آگے بڑھانے پر بات ہوئی،ایران کے مسئلے سے جو مضر اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں صدر ٹرمپ سے ان پر بھی بات ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ صدرٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ صدرٹرمپ کی پوری ٹیم موجودتھی ۔




