
اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب اگر تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول دیں ،عمران صاحب کنٹینر پر اخلاقیات اور سماجی اقدار کی تباہی اور وزیراعظم کے کْرسی پر بیٹھ کر کاروبار، روزگار اور معاشی تباہی ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ روشن ترقی کرتے پاکستان اور نئے غریب اور مہنگے ترین پاکستان میں فرق صرف نواز شریف اور عمران صاحب کا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آئی ایم ایف جانے سے لے کر ، بجلی ، گیس ، پیٹرول، آٹا، چینی ، پیاز، ٹماٹر اور روٹی سب مہنگی کرنے تک آپ نے جھوٹ بولا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ کی صلاحیت پشاور میٹرو سے عیاں اور نالائقی و نااہلی آٹے اور چینی کے بحران سے ثابت ، شرم آنی چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقی کرتے سی پیک ، میٹرو ، موٹر ویز والا 5.8 فیصد پہ ترقی کرتا روشن ملک سولہ ماہ میں لنگر خانہ بنا دیا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب تنخواہ میں گزارہ نہیں ہو رہا تو کیا اے ٹی ایمز نے پن نمبر بدل دیا ہے ؟ ،عمران صاحب ہر روز حالات کی بہتری کا جھوٹ بول کر عوام کی مشکلات کا مذاق اْڑاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب آپ کے جھوٹ بولنے ، نالائقی اور نااہلی کی کوئی حد نہیں۔


