ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے رورل ہیلتھ سینٹر روجہان جمالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

20

جعفرآباد 20جون 2025: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے رورل ہیلتھ سینٹر روجہان جمالی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر کا معائنہ کیا اور حاضری کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کے علاج معالجے کے طریقہ کار اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رورل ہیلتھ سینٹر میں آنے والے مریضوں کو فوری اور مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی مریض علاج سے محروم نہ رہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی کے ہمراہ فری میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وہاں دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور علاج کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے فری میڈیکل کیمپس اور اسپتالوں میں آنے والے تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کا سرکاری طبی اداروں پر اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔

Comments are closed.