جے یو آئی کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمٰن سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ملاقات

26

جے یو آئی کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمٰن سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ملاقات

ملاقات میں ایران-اسرائیل کشیدگی، وفاقی بجٹ اور قومی یکجہتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد، 19 جون 2025؛اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور خطّے میں ایران-اسرائیل جنگ کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ایران-اسرائیل جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد، یکجہتی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ خطّے میں امن کی کوششیں کمزور نہ ہوں۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کے اندر مصالحتی کردار ادا کرنے کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں مزید تیز کرنا چاہئیں۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ ’’پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی ہے اور ایران کے ساتھ دوستی و یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ ہم نے فلسطین اور ایران کے حوالے سے اپنا مؤقف ہر عالمی فورم پر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے، اور پارلیمنٹ اس موقف کے مکمل طور پر پیچھے کھڑی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں یک زبان ہو کر عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسی کو تقویت دینا چاہیے۔

ملاقات میں وفاقی بجٹ 2025-26 پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے چھوٹے صوبوں کی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار بجٹ تجاویز کے سلسلے میں پارلیمانی کمیٹیوں کو زیادہ فعال کیا گیا ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مثبت آراء کو بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اسپیکر کو فریضۂ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل بھی موجود تھے۔آخر میں دونوں رہنماؤں نے جمہوری روایات کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.