ڈپٹی کمشنر استا محمد عبدالرزاق خجک نے کہا ہے کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے پیشگی اقدامات کو فوری طور پر حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے

21

استامحمد 18جون۔ ڈپٹی کمشنر استا محمد عبدالرزاق خجک نے کہا ہے کہ ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے پیشگی اقدامات کو فوری طور پر حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ وہ تمام ادارے جن کے پاس بھاری مشینری موجود ہے، اپنی مشینری کو فوری طور پر مکمل فنکشنل اور الرٹ حالت میں رکھیں اور متعلقہ عملے کو ہمہ وقت تیار رہنے کا پابند بنائیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کینال سسٹم اور ڈرینج سسٹم کی پشتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ یا شگاف کی صورت میں قریبی آبادیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے دوران تمام افسران اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممکنہ مون سون بارشوں کے سلسلے میں انتظامی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے، جنہوں نے اپنی اپنی سطح پر کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ عوام کو مون سون کے دوران کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.