انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیدی

0 27

لاہور( این این آئی )ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 29 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ اوپنر ایمی جونز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم 125 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان بسمہ معروف نے 60 رنز بنائے۔کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 20 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مہمان ٹیم کی اوپنر ایمی جونز اور ٹیمی بیمانٹ نے متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ایمی جونز 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں جبکہ بیمانٹ نے 30 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتامی اوورز میں نتالی سِیور نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 150 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔155 رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 1 کے مجموعی اسکور پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی دونوں اوپنرز ناہیدہ خان اور جویریہ خان کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ کپتان بسمہ معروف اور عمیمہ سہیل کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عمیمہ سہیل 21 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں تو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔محض 14 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز میدان میں موجود کپتان بسمہ معروف کو سہارا دینے کے لیے کریز پر پہنچیں۔دونوں بیٹرز نے مثبت کھیل پیش کرتے ہوئے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران بسمہ معروف نے ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ میں اپنی 11ویں نصف سنچری مکمل کی تاہم سدرہ نواز 22 رنزبناکر آئوٹ ہوگئیں جس کے بعد کپتان بسمہ معروف نے جارحانہ کھیل اپنانے کی کوشش کی مگر وہ 60 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے ایکلیاسٹون نے 3 جبکہ نتالی سِیور اورفریہ ڈیوس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ایمی جونز کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیدہ عروب شاہ اور انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے سارہ گلین نے میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 19دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.