ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ضلع بھر کے علماء کرام و مفتیان کرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا

24

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ضلع بھر کے علماء کرام و مفتیان کرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر کی طرح ضلع نصیرآباد میں بھی امن و امان کی صورتحال، فتنہ خوارج اور دیگر اہم امور زیر غور آئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں علمائے کرام کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، فتنہ خوارج جیسے خطرناک نظریات کے خلاف علمائے کرام کو اپنا مؤثر، مثبت اور وحدت پر مبنی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی، سلامتی اور استحکام ہم سب کے بقا کے لیے لازم ہے، اس لیے ہمیں ایک قوم بن کر امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک دشمن اور شرپسند عناصر کو اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ علمائے کرام معاشرے کی اصلاح میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے خطابات اور بیانات عوام میں شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں، لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ اپنے خطبات میں محبت، اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور عدم برداشت کے خلاف واضح موقف اختیار کریں۔ اجلاس کے شرکاء نے بھی اس بات پر زور دیا کہ مذہبی منافرت، شدت پسندی اور فتنہ خوارج جیسے نظریات کے خلاف قوم کو متحد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے علمائے کرام حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.