پاکستانی معیشت کے تمام اہم اشاریوں میں بہتری، سٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ جاری
سٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر مالی سال 26ء کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق مالی سال 26ء میں تمام اہم اقتصادی اظہاریے بہتر ہوئے اور معیشت نے ملکی و عالمی اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق محتاط زری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے سخت محنت سے حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو محفوظ رکھنے میں معاونت کی، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار میں بحالی کے باعث حقیقی جی ڈی پی کی نمو میں اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے تخمینے کے مطابق مالی سال 27ء میں حقیقی جی ڈی پی کی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے، معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے درآمدات کا حجم بڑھا جبکہ عالمی ناموافق رجحانات کے باعث برآمدات محدود رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کارکنوں کی ترسیلات زر میں مضبوط نمو کے باعث مالی سال 26ء میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0.1 فیصد تک محدود رہا۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے زرِ مبادلہ کی بھاری خریداری اور پیشگی واجبات میں کمی سے زرمبادلہ ذخائر میں بھی قابلِ قدر اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع کے باوجود مالی سال 26ء کے دوران مہنگائی وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی۔
سٹیٹ بینک نے خبردار کیا ہے کہ ایل نینو کی ابتر صورتِ حال زرعی منظرنامے کے لیے خطرہ ہے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں گنا، چاول اور مکئی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ مالی سال 27ء میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے جبکہ مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حد میں آجائے گی۔
