ریجنل بلڈ سنٹر شہید بینظیرآباد کی جانب سے عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر بلڈ سنٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

19

سکرنڈ (رپورٹ راج کماراوڈ) ریجنل بلڈ سنٹر شہید بینظیرآباد کی جانب سے عطیہ خون کے عالمی دن کے موقع پر بلڈ سنٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا- جس میں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی تقریب کا مقصد خون کے عطیے کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور عوام میں اس بارے میں شعور بیدار کرنا تھا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو، سنٹر کے انچارج ڈاکٹر خادم حسین میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، انچارج پیرا میڈیکل ڈاکٹر عبدالرزاق راجپر اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ خون کا عطیہ ایک انسانی فریضہ ہے جو نہ صرف مریضوں کی زندگی بچاتا ہے بلکہ معاشرے میں ہمدردی اور انسانیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلڈ ڈونیشن نہایت محفوظ عمل ہے اور ایک صحت مند انسان سال میں کئی بار خون عطیہ کر سکتا ہے مقررین نے مزید کہا کہ خون کا عطیہ دینا صدقہ جاریہ ہے، اور ہر انسان کو اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر خون کی ضرورت رہتی ہے اور اس جیسی مہمات سے بہت سی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر نے خون کا عطیہ دینے والوں میں اعزازی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جبکہ ریجنل بلڈ سنٹر کے انچارج ڈاکٹر خادم حسین میمن نے مہمان خصوصی کمشنر شہید بینظیرآباد ندیم احمد ابڑو اور دیگر شرکاء میں اعزازی شیلڈ تقسیم کیں۔ بعد ازاں کمشنر ندیم احمد ابڑو اور دیگر نے بلڈ سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اس موقع پر سنٹر کے انچارج نے کمشنر کو ریجنل بلڈ سنٹر کے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔

Comments are closed.