وزیراعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان کی ملاقات، وزیراعظم کا چین کی فراخدلانہ معاونت کا خیرمقدم، سی پیک کے آئندہ مرحلے پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور
اسلام آباد۔15جنوری :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے لئے چین کی فراخدلانہ معاونت بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون کو سراہتے ہوئے اس کے آئندہ مرحلے پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعرا ت کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے (آئی ڈی سی پی سی) کی نائب وزیر سن ہائی یان نےوزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں معاون خصوصی سید طارق فاطمی، چین کے لئے وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے ظفر الدین محمود اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے معزز چینی مہمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ اس اعتبار سے نہایت اہم ہے کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا آغاز پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے بیجنگ کے کامیاب دورے سے ہوا جس کے بعد وزیر داخلہ نے شنگھائی کا دورہ کیا جبکہ آئندہ دنوں میں سپیکر قومی اسمبلی کا دورہ چین بھی متوقع ہے۔وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے اپنی دلی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ پاکستان کی فولاد کی طرح مضبوط تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق ہر حال میں غیر متزلزل رہے گا۔ وزیر اعظم نے ”ایک چین“ پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اقتصادی شراکت داری کے حوالے سے پاکستان کے لئے چین کی فراخدلانہ معاونت بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے صدر شی جن پنگ کو اس سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا کیونکہ یہ سال دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت اور ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔چینی نائب وزیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں اقتصادی اور سیاسی استحکام لانے پر وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چینی قوم پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بہتر طرز حکمرانی کے لیے سیاسی قوتوں کو متحد کرنے میں وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔چینی نائب وزیر نے جماعتی سطح پر تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بین الجماعتی طریقہ کار کے ذریعے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے عزم اور پختہ ارادے کا اظہار کیا۔
Comments are closed.