سندھ کے ترقیاتی منصوبے معیشت اور عوام کی زندگیوں میں بہتری کا سبب، شرجیل میمن

22

 سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبے نہ صرف سندھ کی معیشت بلکہ عوام کی زندگیوں میں بھی واضح بہتری لا رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں کوسٹل ہائی وے، روہڑی گڈو بیراج روڈ، مہران ہائی وے، ٹنڈو الہیار تا ٹنڈو آدم سڑک، اور سانگھڑ تا روہڑی شاہراہ شامل ہیں، جو علاقائی اور بین الصوبائی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تجارت، زراعت اور صنعتی شعبوں کو فروغ دیں گے۔

ایک بیان میں سینئر وزیر و صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سانگھڑ، ٹنڈو الہیار، نوابشاہ، اور دیگر علاقوں میں جاری منصوبے دیہی معیشت کو فعال بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ سندھ حکومت کی ترجیح ترقی کے عمل میں شفافیت، رفتار اور عوامی فائدے کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنڈز کی بروقت فراہمی اور منصوبوں کی مکمل نگرانی شہری اور دیہی علاقوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔ سندھ فلڈ ایمرجنسی ریکنسٹرکشن پروجیکٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور مستقبل کے لیے پائیدار بنایا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے بحالی کے عمل کو تیزی اور عزم کے ساتھ شروع کیا، جو وفاق سمیت دیگر اداروں کے لیے ایک ماڈل ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی اور دائرہ کار میں توسیع صوبے کی طویل المدتی ترقی اور اقتصادی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔

Comments are closed.