ملک میں جاری سیاسی کشمکش تشویشناک ہے۔ سید امان شاہ

15

کراچی /کوئٹہ(پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے ملک میں جاری سیاسی کشمکش، تلخ بیانات اور بڑھتے ہوئے انتشار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ سیاسی قیادت اپنی ذاتی اور جماعتی ترجیحات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے مفاد کو پہلی ترجیح بنائے، کیونکہ مسلسل محاذ آرائی نے نہ صرف ملکی معیشت کو کمزور کیا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں بے یقینی اور کشیدگی نے ترقیاتی عمل کو سست کر دیا ہے۔ سرمایہ کاری کے مواقع محدود ہو رہے ہیں، نوجوان مایوسی کا شکار ہیں اور عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ایسے نازک مرحلے پر ایک دوسرے پر الزام تراشی اور سیاسی کردار کشی کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ پیچیدگیاں بڑھانے کے مترادف ہے۔ سید امان شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمانی نمائندوں اور مقتدر حلقوں سے اپیل کی کہ وہ برداشت، مکالمے اور مفاہمت کے راستے کو اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت اتحاد کا متقاضی ہے، انتشار کا نہیں۔ اگر سیاسی قیادت قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو نہ صرف بحران کم ہوں گے بلکہ ملک استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے بلوچستان کے تمام سیاسی و سماجی طبقات کو دعوت دی کہ وہ عوام پاکستان پارٹی کے ساتھ مل کر ایک مثبت، پُرامن اور تعمیری سیاسی ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، محفوظ اور متحد پاکستان دیا جا سکے۔

Comments are closed.