اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی یونین کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون پر تبادلۂ خیال
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے یورپی یونین کے سفیر کی آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع کے علاوہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے سے دونوں جانب فائدہ مند شراکت داری کو فروغ مل سکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط باہمی اعتماد، مفاہمت اور تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یورپ میں امن و استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین میں قیامِ امن اور روس۔یوکرین تنازع کے پرامن حل کی امید ظاہر کی۔
یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے پاکستان کو GSP+ اسٹیٹس ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی معاشروں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سفیر یورپی یونین نے جمہوری اقدار کے فروغ اور قومی اسمبلی کی کارروائیوں کو جمہوری، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انداز میں چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کردار کو بھی سراہا۔
Comments are closed.